امپھل،یکم مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) منی پور میں کل زبردست رائے دہی ہوئی۔ رائے دہندوں کی تقریباً80 فیصد تعداد نے اپنے حق ِ رائے دہی سے استفادہ کیا۔ پولنگ مقررہ وقت کے بعد بھی 2گھنٹے جاری رہی۔
پیر کے دن 38 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ایک حلقہ میں تشدد کے اکادکا واقعات پیش آئے۔ عہدیداروں نے کہا کہ موسم خوشگوار رہنے کی وجہ سے بوتھس پر رائے دہندوں کی قطاریں لگی تھیں۔
کئی بوتھس پر رنگارنگ لباس میں ملبوس خاتون رائے دہندوں کی تعداد‘ مرد رائے دہندوں سے زیادہ تھی۔ پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے پرجوش دکھائی دیئے۔
صبح 7 بجے شروع ہونے والی پولنگ 4 بجے اختتام کو پہنچی لیکن آخری وقت میں آنے والوں کو بھی ووٹ ڈالنے کا موقع دیا گیا۔ 6 بجے تک ووٹ ڈالے گئے۔ رائے دہندوں نے شکایت کی کہ پولنگ کا عمل پچھلے الیکشن کے مقابلہ طویل تھا۔
بعض نے کہا کہ آئی ڈی کارڈس کی جانچ اور ووٹرسلپس کی اجرائی میں کافی وقت لگا۔ ایک پولنگ اسٹیشن میں منی پور رائفلس کے حولدار کی موت واقع ہوئی۔
غیرطبعی موت کا کیس درج کرلیا گیا اور نعش بذریعہ ہیلی کاپٹر امپھل لے جائی گئی۔ یہ سروس ریوالور سے حادثہ فائرنگ کا کیس ہوسکتا ہے۔
ایک مقام پر جھڑپوں کی وجہ سے الکٹرانک ووٹنگ مشین کو نقصان پہنچا۔ امکان ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ رائے دہی ہوسکتی ہے۔ ریاست کے وادی کے علاقوں میں 80 فیصد اور پہاڑی علاقوں میں 20 فیصد رائے دہی ہوئی۔